
کس قدر باثمر لیلتہ القدر ہے
لیلت القدر یعنی شب قدر کی فضیلت پر لکھی گئی ایک نظم
ماہ رمضاں کی ہر شب مبارک سہی
سب سے افضل مگر لیلتہ القدر ہے
آج خالق ہے بندوں سے نزدیک تر
کس قدر باثمر لیلتہ القدر ہے
ہے ہزاروں مہینوں سے بہتر یہ شب
اس کی برکت سے تسکین پاتے ہیں سب
بھیجتا ہے زمیں پر فرشتوں کو رب
رشکِ شام و سحر لیلتہ القدر ہے
جس میں تحفہ ملا ہم کو قرآن کا
نسخہ کیمیا علم و عرفان کا
راز ہے جس میں معراجِ انسان کا
کس قدر معتبر لیلت القدر ہے
ہے یہ رب کی عنایت میرے دوستو
کر لو تم بھی عبادت میرے دوستو
پرسعادت، سلامت میرے دوستو
تا بہ وقت سحر لیلتہ القدر ہے
نیکیوں کے لیے اب کمر باندھ لو
دل تلاوت سے صفدر منور کرو
رحمتوں کے سبھی پھول اور پھل چنو
مغفرت کا شجر لیلتہ القدر ہے
ماہ رمضاں کی ہر شب مبارک سہی
سب سے افضل مگر لیلتہ القدر ہے
آج خالق ہے بندوں سے نزدیک تر
کس قدر باثمر لیلتہ القدر ہے
شاعری :سلیم اللہ صفدر