کس احتیاط سے پھر آئینے سجاتے رہے | طویل اردو غزل

Urdu poetry beautiful | Urdu poetry heart touching

0 35

کس احتیاط سے پھر آئینے سجاتے رہے
تمام عمر جو چہرے یہاں چھپاتے رہے

یہ بات لکھ کے کسی ڈائری میں رکھ لیں آپ
ہمیں وہ لوگ بھی روئیں گے جو رلاتے رہے

عجیب قسم کی عادات غم ذدوں میں تھیں
خموش رہ کے فسانے کئی سناتے رہے

نظر بھی آئیں تو ہو جائیں غم دوا اپنے
وہ چارہ ساز کہاں لیکن آتے جاتے رہے

ہمیں وہ لوگ ہیں دیوارِ جیل خانہ پر
تراشِ سنگ سے جو تتلیاں بناتے رہے

تجھے زمیں پہ فلک کی تلاش ہے زاہد
ہمیں فلک پہ زمیں کے خیال آتے رہے

نظر میں رکھا ہوا ہے کسی نظر نے ہمیں
بس اس خیال میں ہم خود کو آزماتے رہے

ہمارے شیخ وطن کے مفاد کی خاطر
کسی کو آب کسی کو لہو پلاتے رہے

ڈرے ہوئے تھے چراغانِ طاق تجھ سے صبا
ہم ایسے پیڑ کہ خوش ہو کے لہلہاتے رہے

لہو ہمارا بہا صرف بہرِ خاکِ وطن
امیرِِ وقت سے انعام آپ پاتے رہے

تمھیں تھی لالہِ صحرائی کی تمنا سو
دوانے جوش میں پتھر اٹھا کے لاتے رہے

دماغ والوں نے دولت کا انتخاب کیا
تو عزتیں ترے شوریدہ سر کماتے رہے

دیارِ اہلِ شریعت میں تاجرانِ زباں
کشیدہ خوابوں کی بھی بولیاں لگاتے رہے

تماشا بین کہ محظوظ ہوتے جاتے تھے
تماشا ساز کہ کچھ لاٹھیاں گھماتے رہے

کسی کا کچا گھڑا غرق آب کر ڈالا
کسی کا خون بھی تم شِیر میں بہاتے رہے

کوئی بتائے تو دنیائے بحر و بر کے غم
دلِ زیاں میں ہی آ آ کے کیوں سماتے رہے

دوائے وصل ملے فرقتوں کے ماروں کو
تمام عمر جو اپنا جگر جلاتے رہے

اُدھر خطاب سے واعظ کے حشر برپا تھا
اِدھر فقیر مگر بانسری بجاتے رہے

شبِ وصال کہ گزری اسی تسلسل میں
گئے سمے کی سبھی داستاں سناتے رہے

ملا خطاب کا موقع کلاہ والوں کو
ہم ایسے لوگ فقط تالیاں بجاتے رہے

پھلوں سے لطف اٹھاتے ہوئے یہ بات بھی سوچ
کدھر ہیں لوگ یہاں پیڑ جو لگاتے رہے

تری نگاہِ تلطف پہ ہے نثار قرار
بھلا ہو تیرا مری دھڑکنیں بڑھاتے رہے

کیا کیا تھے ستم گر ستم تو کیا کیا کچھ
مگر فقیر کہ ہر بار مسکراتے رہے

نہ قید و بندِ محبت سے چھوٹ پائے تھے
میاں خرید کے پنچھی سو ہم اڑاتے رہے

ہماری ذات پہ حق کچھ نہیں عنایت کا
انھیں پہ ہو کہ جو یاں گردنیں جھکاتے رہے

خدا کے نام پہ پھیلا نہ پائے ہاتھ کبھی
دکھا کے زخمِ جگر اپنا بھیک پاتے رہے

غمِ جہان سے مطلب کہاں تھا مستوں کو
کہ اپنی موج میں بس نظم گنگناتے رہے

نہ ہو سکا جو کوئی کام دوستو سے مرے
مری امید کے محلوں کو آ کے ڈھاتے رہے

برے نصیب کہ ہر بار اپنے سر ٹھہرا
وگرنہ آپ کو الزام سے بچاتے رہے

بدل سکا نہ یہ موسم کی فرقتوں کا سرور
ہوائیں چلتی رہیں تارے جگمگاتے رہے

چراغِ بزمِ عدو کو جلا جلا کے عزیز
کمال یافتہ لوگوں کے دل بجھاتے رہے

پہنچ کے منزلِ مقصود پر ہوا محسوس
تمام راہ میں اعضاء تھرتھراتے رہے

فراغ پاتے تو اک پل کو دیکھتے آدر
وہ کون لوگ ہیں احسان جو جتاتے رہے

کس احتیاط سے پھر آئینے سجاتے رہے
تمام عمر جو چہرے یہاں چھپاتے رہے

شاعری: بلال آدر

اگر آپ مزید اداس شاعری پڑھنا چاہتے ہیں تو یہ لازمی دیکھیں 

شدتِ کرب سے دوچار ہیں تازہ تازہ | اردو شاعری

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.