تجھ سے ہیں سب التجائیں اے میرے پروردگار| حمدیہ اشعار

خالق کائنات کے حضور حمد باری تعالی

0 25

تجھ سے ہیں سب التجائیں اے میرے پروردگار
معاف کر دے سب خطائیں اے میرے پروردگار

 

ہم گناہ کرتے ہیں لیکن معاف کر دیتا ہے تو
اپنے بندوں کی ہر اک فریاد بھی سنتا ہے تو
سب کی نافرمانیوں کا پردہ بھی رکھتا ہے تو
خوشنما تیری ادائیں اے میرے پروردگار

 

علم ایماں اور عمل کی ہو اگر قدرت ہمیں
مل ہی جائے تیری چاہت سے تری جنت ہمیں
کر عطا یارب سکونِ دل کی اب دولت ہمیں
دور کر دے سب بلائیں اے میرے پروردگار

 

ہم کو بھٹکاتا ہے شیطاں، راہ پر لاتا ہے تو
ہم نفس کے ہیں مگر پھر بھی ہمیں چاہتا ہے تو
ظلم ہم کرتے ہیں خود پر پھر بھی برساتا ہے تو
ہم پہ رحمت کی گھٹائیں اے میرے پروردگار

 

 

مغفرت کا معاملہ کر میری جاں سے رب میرے
تیری تسبیح و شکر میں گزریں روز و شب میرے
ڈھانپ دے رحمت سے ان کو جو گناہ ہیں سب میرے
ٹال دے ساری سزائیں اے میرے پروردگار

 

نام بس تیرا ہے جاری ساری مخلوقات میں
ہر زباں تیری ثنا کرتی ہے دن اور رات میں
بحر کی آغوش میں اور پردہِ ظلمات میں
ہیں فقط تیری ضیائیں اے میرے پروردگار

 

تجھ سے ہیں سب التجائیں اے میرے پروردگار
معاف کر دے سب خطائیں اے میرے پروردگار

شاعری : سلیم اللہ صفدر

اگر آپ مزید حمدیہ اشعار، نعت شریف یا  شان صحابہ پر کلام پڑھنا چاہتے ہیں تو یہ لازمی دیکھیں

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.