
کون ہے سپر پاور؟
2019 میں وبا کے دنوں میں ہونے والے لاک ڈاؤن کے دوران لکھا جانے والا حمدیہ کلام
کون ہے سپر پاور کس کی ضرب کاری ہے؟
آج سب زبانوں پر کس کا نام جاری ہے…؟
وقت کے فرعونوں پر اور کھلی فضاؤں پر
کس کی بادشاہی ہے؟ کسی کی پہرے داری ہے؟
ہے شدید تر کتنا ِاس عذاب کا کوڑا
ساری دنیا پر واضح آج حکمِ باری ہے
اک عظیم خالق کی یاد جب نہیں دل میں
اک حقیر وائرس کا خوف کتنا طاری ہے
اپنے سیف ہاوسز میں مطمئن جو کل تک تھے
ان ثمود والوں پر سخت بے دیاری ہے
بھولے ایک ہستی کو اور چھن گیا سب کچھ
سخت بے یقینی ہے، سخت بے قراری ہے

آج سب زبانوں پر کس کا نام جاری ہے…؟
کیوں نظر چراتے تھے ایک بستی سے کل تک
آج پوری دنیا میں لاک ڈاؤن جاری ہے
کیسی بددعا تھی وہ پوچھو شامی بچے سے
سسکیوں میں ہی جس نے عمر اک گزاری ہے
اک ایک پنچھی کو جس نے نوچ ڈالا تھا
خوف میں گھرا خود ہی آج وہ شکاری ہے
جس نے ایک ساعت میں بستیاں کھنڈر کر دیں
ایک ایک ساعت کا آج خود بھکاری ہے
عالمی مسیحاؤ ….! کچھ تو آج بتلاؤ
کیا علاج ہے اس کا؟ کیسی یہ بیماری ہے؟
گر دوا نہیں تو پھر رب سے کچھ دعا کر لو
کس کو کیا خبر آخر کل کو کس کی باری ہے؟
ماں کے پیار سے بڑھ کر رب کو پیار ہے ہم سے
اس کے پیار میں ہی بس عافیت ہماری ہے….!
کون ہے سپر پاور کس کی ضرب کاری ہے؟
آج سب زبانوں پر کس کا نام جاری ہے…؟
شاعری : سلیم اللہ صفدر