بچے مسکرائیں تو مائیں مسکراتی ہیں |ماں کی شان میں کلام

urdu poetry on mothers

1 59

بچے مسکرائیں تو مائیں مسکراتی ہیں…! ماں وہ ہستی ہے جس کے جذبات اس کی ذات کے گرد نہیں بلکہ ہمیشہ اس کی اولاد کے گرد گھومتے ہیں۔ والد ایک سر پر سایہ ہوتا ہے جس سے انسان دکھوں اور تکلیفوں سے خود کو بچاتا ہے  اور والدہ وہ حصار ہے جس میں پہنچ کر انسان اپنے غموں کو بھول جاتا ہے۔ اللہ رب العزت سب کی ماؤں کو سلامت رکھے۔

 

چوٹ اپنے بچوں کی مائیں دل پہ کھاتی ہیں
بچے مسکرائیں تو مائیں مسکراتی ہیں

 

آنے والے بچوں کی آس اک سجاتی ہیں
کپڑے جوتے بھی ان کے پیار سے بناتی ہیں
ان کی ایک اک حرکت حرز جاں بناتی ہیں
درد سہتی رہتی ہیں، مسکراتی جاتی ہیں

 

دل کے سارے ٹکڑوں کو خوب جوڑتی ہے ماں
بچے شاد ہیں میرے بس اسی میں ہے شاداں
توڑ کے سبھی سپنے چھوڑ کر سبھی ارماں
اپنی ذاتی ہر خواہش مائیں وار جاتی ہیں

 

اپنے آشیانوں کو پنچھی چھوڑ جاتے ہیں
لوٹ کر نہ آئیں جو، راہ جو موڑ جاتے ہیں
چاہے رابطے سارے گھر سے توڑ جاتے ہیں
ماں بھلا دعاؤں میں کب انہیں بھلاتی ہیں

 

ان پہ غیر کی آنکھیں گاڑنے نہیں دیتی
خود تو مار لے جتنا، مارنے نہیں دیتی
ماں کبھی بھی بچوں کو ہارنے نہیں دیتی
اک ہجوم کو آخر قوم یہ بناتی ہیں

 

چوٹ اپنے بچوں کی مائیں دل پہ کھاتی ہیں
بچے مسکرائیں تو مائیں مسکراتی ہیں

شاعری : سلیم اللہ صفدر

 

اگر آپ  ماں کی شان میں کلام کے ساتھ ساتھ بیٹی کی عظمت پر شاعری پڑھنا چاہیں تو یہ لازمی دیکھیں  

1 تبصرہ
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.