میرا پیغام پاکستاں، یہ جسم و جان پاکستاں

Poetry Pakistan in Urdu | پاکستان پر اشعار

0 40

میرا پیغام پاکستاں، یہ جسم و جان پاکستاں
میں اس کے گیت گاتا ہوں، میری پہچان پاکستاں

ہزاروں دکھ ہیں دنیا کے، مگر ہے مان پاکستاں
ہے گھر اپنا شجر اپنا، یہ نخلستان  پاکستاں

عجب بے چینیوں مایوسیوں میں زندگی ٹھہری
ہر اک رہزن بنا ہے آج حکمرانِ پاکستاں

کبھی ٹھوکر، کبھی کھائی کبھی پتھر کبھی دلدل
سوئے تکمیل پاکستاں، سر ارمان ِ پاکستاں

مگر بے چین لمحوں میں صدا آتی ہے اک ہم کو
قدر جانو کہ ہے یہ تحفہ رحمان پاکستاں

ہزاروں زخم جھیلے اور تب خاک وطن پائی
ہزاروں سسکیوں کے واسطے اعلان پاکستان

اسی سے سب کو شکوہ ہے اسی سے سب کو امیدیں
کہ ہے مظلوم کا ہمدرد و سائبان پاکستاں

اسی کے دم سے ہی روشن صبحیں میرا مقدر ہیں
میری شاموں کی ہے تقدیس کا عنوان پاکستاں

میں ہوں مصروف ہر پل اس کی تعمیر و ترقی میں
میرے دل جان کی تسکین کا سامان پاکستاں

میرا پیغام پاکستاں، یہ جسم و جان پاکستاں
میں اس کے گیت گاتا ہوں، میری پہچان پاکستاں

 

شاعری : سلیم اللہ صفدر

 

اگر آپ پاکستان کے متعلق مزید شاعری پڑھنا چاہتے ہین تو یہ لازمی دیکھیں 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.