بخت مانگے تو نہ تھے تیری دعا نے میرے | دلکش اردو شاعری
Urdu shayari about love | Urdu poetry heart touching
بخت مانگے تو نہ تھے تیری دعا نے میرے
پھر بھی ارمان کیے پورے خدا نے میرے
اب تو لمحوں کی بھی خیرات نہیں دیتا وہ
جس کے ہوتے تھے کبھی سارے زمانے میرے
میں مروت ہی میں بس ہار گیا ہوں ورنہ
شہر بھر ہی میں ہیں مشہور نشانے میرے
چٹھیاں بھیج تو دیتے ہو پلٹ آنے کی
ڈر یہ ہے تم نے ہی ، خیمے ہیں جلانے میرے
میں ابھی شعر کی تاثیر دکھاؤں گا تجھے
تو نے بڑھ کر ہیں ابھی پیر دبانے میرے
اب تو کلیوں کا چٹکنا بھی میں سن سکتا ہوں
کان یوں کھول دیئے تیری صدا نے میرے
اس کی رحمت نے ہی پردے میں رکھے ہیں ورنہ
عیب کس درجہ بکھر جاتے نجانے میرے
نامہ بر کے لیے ممکن نہ تھا کرنا جن کا
کام ایسے بھی کیے باد صبا نے میرے
جونہی غربت کی کڑی دھوپ مرے سر پہ پڑی
یار سب چھوڑ گئے مجھ کو پرانے میرے
گال بھی زرد، نظر ماند، پریشاں گیسو
کس نے اس حال میں ہیں ناز اٹھانے میرے
اے فرشتو جو اجازت ہو تو سستا لوں ذرا
بوجھ سے چُور ہوئے جاتے ہیں شانے میرے
رتجگوں کے ہیں بسیرے مری آنکھوں میں فقط
ہو گئے ختم سبھی خواب سہانے میرے
ہائے، وہ زلف، کمر، چشم، پلک ، عارض و لب
کس کے قبضے میں ہیں رب جانے خزانے میرے
چل کے خود آنا شب_وصل مرے گھر احسن
پاؤں بھی اس نے بڑی دیر دبانے میرے
بخت مانگے تو نہ تھے تیری دعا نے میرے
پھر بھی ارمان کیے پورے خدا نے میرے
اگر آپ محبت پر مزید اردو شاعری پڑھنا چاہتے ہین تو یہ لازمی دیکھیں