پاکستان شاعریسلیم اللہ صفدر

بابائے قوم آئے تصور میں ایک دن

بابائے قوم آئے تصور میں

بابائے قوم آئے تصور میں ایک دن
کہنے لگے عجیب ہے یہ حالت ِوطن
دیکھا تھا ایک خواب جو اقبال نے کبھی
اس خواب کو عمل کا دیا ہم نے پیراہن
اس خواب کے لیے رہے مصروف رات دن
اس خواب کے لیے تھے کیے کس قدر جتن
اک ایک تنکا جوڑا تو پھر آشیاں بنا
خون جگر دیا تو بنی صورت ِچمن

 

بابائے قوم آئے تصور میں ایک دن

سوچا تھا آزمائیں گے اسلام کے اصول
اس سرزمیں پہ ہو شریعت رسول
اللہ کے دین کے لیے کوشش اگر رہی
اللہ کی مدد ہی سے ممکن ہے یہ حصول
ہر ایک چہرہ سن کے یہ اعلان کھل اٹھا
ہر ایک فرد نے یہ کیا نظریہ قبول
اک پاک گھر کے واسطے ہر دل نے کی دعا
اک پاک رات میں ہوا تحفہ ہمیں وصول
پھر ہجرتوں کے قافلے ایسے ہوئے رواں
انصار بن گئے میرے دھرتی کے سب جواں
چوما وطن کی مٹی کو ہر اک نے اس طرح
ماتھوں پہ مسکرا اٹھے سجدوں کے سب نشاں

 

وہ سوچتے تھے جی نہ سکے گا یہ ایک سال
حیرت سے دنگ رہ گئی ہر چشمِ دشمناں
محور ہر اک کے دل کا وہ پھر ایسے بن گیا
اک مرکزِ یقین تھا ملت کا پاسباں
تعبیر ِخواب کے لیے سترہ لگے تھے سال
تکمیل خواب کے لیے ستر گزر گئے
لٹتا رہا سسکتا رہا کیوں میرا چمن
دست شجر سے ٹوٹ کے پتے بکھر گئے
شاہ رگ چھڑائیں کیسے کہ ہیں ہاتھ پاؤں قید
کچھ زخم جسم کے تھے وہ روح میں اتر گئے
اسلام کے لیے تھا منظم کیا جنہیں
اسلام کے لیے وہی آپس میں لڑ گئے

 

بابائے قوم آئے تصور میں ایک دن

میں نے کہا بتائیے اب ہم کریں تو کیا؟
بے چین تو ضرور ہیں مایوس ہم نہیں
گرتے ہوئے کو تھامنے والا کوئی نہیں
ورنہ دوبارہ اٹھنے کے جذبے تو کم نہیں
بولے کہ پھر سے تھام وہی نسخہ کیمیا
وہ جس سے بڑھ کے اور کوئی بھی عزم نہیں
جس نظریے سے تم کو ملا ہے تمہارا گھر
اس نظریے سے زیادہ کوئی بھی بھرم نہیں

 

تعمیر ہو چکی ہے تو تکمیل کر ذرا
بنیاد پائیدار ہے چھت پائیدار رکھ
ہوتا ہے درد ہی تو کبھی زخم کی دوا
گر دل ہے بے قرار… اسے بے قرار رکھ
جا کر سناؤ قوم کو اقبال کا پیام
بانگ درا ہمیشہ سر رہگزار رکھ
“ملت کے ساتھ رابطہ استوار رکھ
پیوستہ رہ شجر سے امید بہار رکھ”

شاعری :سلیم اللہ صفدر

 

Shares:
6 Comments
Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *