یا اللہ، یا میرے مالک| دل کی گہرائیوں سے نکلتی دعائیں التجائیں

ایک گناہ گار انسان کی اپنے خالق سے تنہائی میں کی جانی والی کچھ سرگوشیاں |best dua in urdu

1 66

یا اللہ، یا میرے مالک، چھوٹے بچے لاپروا ہوتے ہیں. اپنی کارآمد چیزیں ادھر ادھر گرا دیتے ہیں، لیکن ان کے بڑے ان سب چیزوں کو ان کے لیے سنبھال لیتے ہیں۔۔۔

یا اللہ میں تیرا لاپرواہ بندہ اپنی چھوٹی موٹی ساری نیکیاں گرا آیا ہوں. یا اللہ تو انہیں میرے لیے سنبھال لے۔

یا اللہ نادان بچے اپنے بڑوں کے ساتھ بے شمار گستاخیاں کر جاتے ہیں. لیکن بڑے پھر بھی درگزر کرتے ہیں. یا اللہ تو تو کائنات میں سب سے بڑا ہے. یا اللہ میری ہستی اور میری تمام تر گستاخیاں تیری شان میں کمی نہیں لا سکتیں. یا اللہ تو بے نیاز ہے. میری گستاخیاں معاف کر دے۔

یا اللہ تو ستار و علیم ہے. یا اللہ تیرے سامنے میں سب گستاخیوں کا اعتراف کر سکتا ہوں. لیکن یا میرے مالک میرے بے شمار بڑے اور چھوٹے ایسے ہیں جن کے سامنے میں اپنی گستاخیوں کا اعتراف کرنے کی ہمت نہیں کر پاتا۔۔۔ یا میرے مالک تو ان کے دل میری طرف سے صاف کر دے. اور انہیں اپنی جناب سے اچھا بدلہ عطا فرما دے۔

یا اللہ تو نے میرے جو گناہ محض اپنی رحمت کے سبب چھپا رکھے ہیں، میرے مولا اگر تو ان کو ظاہر کر دیتا تو میرے لئے یہ زندگی عذاب بن جاتی. یا میرے مالک جس طرح تو نے دنیا میں میری پردہ پوشی کر کے رسوائی کے عذاب سے محفوظ رکھا ہے. یا اللہ تو آخرت میں بھی میری پردہ پوشی کر کے ذلت والے عذاب سے بچا لینا.

یا اللہ، یا میرے مالک یہ دل تیرے قبضے میں ہے

یا اللہ ! معلوم نہیں اس فتنوں بھری زندگی میں کب کوئی تند و تیز لہر میرے کمزور ایمان کو پوری طرح بہانے کی کوشش کرے. یا اللہ تو مجھے اپنی رحمت کی آغوش میں ڈھانپ لینا۔

یا اللہ، یا میرے مالک یہ دل تیرے قبضے میں ہے. یا اللہ تو اس دل کا نگہبان بن جا اور بری خواہشات اور جذبات سے اس کی حفاظت فرما لے۔

یا اللہ تیرے حبیب محمد مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم اپنی امت سے بہت محبت کرتے تھے۔ یا اللہ اس دنیا کے محبوب عموما ہی بے وفا ہوتے ہیں، لیکن محب کا ظرف بہت اعلی ہوتا ہے۔ یا اللہ تو اپنی رحمت سے میری گستاخیوں کو اپنے حبیب صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے چھپا کر ان کا دل میری طرف سے صاف فرما دینا۔ یا اللہ تو مجھے بھی ان کی محبت عطا فرما دے۔ اور مجھے اپنی خصوصی رحمت سے ان کی محبت کے اعلی درجے پر پہنچا دے۔
میں جانتا ہوں یا میرے مالک کہ یہ میرے اعمال کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک انہونی بات ہے۔ لیکن میرے مالک میں پھر بھی تیری ذات سے یہ گمان رکھتا ہوں کہ تو  اپنی شان بے نیازی کی بدولت مجھے یہ مقام عطا فرما دے گا۔
یا اللہ میں نہیں جانتا کہ میری آئندہ زندگی میں میں کبھی اس طرح کے جذبات اپنے دل میں محسوس کر پاوں گا یا نہیں۔ لیکن یا میرے مالک تو میرے ادنی تر جذبات کو بھی قبول فرما لینا۔ اور مجھے گمراہی اور کفر سے اپنی رحمت کے سہارے محفوظ رکھنا۔

یا اللہ میرے ان جذبات میں بھی، اور ان کے اظہار میں بھی منافقت ہو سکتی ہے۔  میں بس تجھ ہی سے ان کی قبولیت کا سوال کرتا ہوں۔ یا اللہ تمام تر تعریفیں تجھے ہی لائق ہیں۔

تحریر: ایک نامعلوم  گناہ گار بندہ

اگر آپ مناجات منظوم شکل میں پڑھنا چاہتے ہیں تو یہ لازمی دیکھیں 

1 تبصرہ
  1. zakupy online کہتے ہیں

    You’re truly a just right webmaster. This web site loading speed is incredible.
    It seems that you are doing any distinctive trick. Moreover, the contents are masterpiece.
    you have done a great process on this topic! Similar here: ecommerce and also here: Najlepszy sklep

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.