
رحمت ِ دو جہاں تاجدارِ حرم خاتم الانبیا میرے شاہِ امم | نعت شریف
بارگاہ رسالت میں عقیدت کے پھول
رحمت ِ دو جہاں تاجدارِ حرم
خاتم الانبیا میرے شاہِ امم
آپ ہی سے میرے دل میں ہر اک خوشی
آپ کے غم سے منسوب ہے میرا غم
آپ امت کی خاطر تڑپتے رہے
اشک، دندان، خوں… وار کرتے رہے
امتی امتی… ورد جاری رہا
اور مدد کو فرشتے اترتے رہے
زخم کھاتے رہے، حق نہ چھوڑا کبھی
عہد تھا دل میں جو وہ نہ توڑا کبھی
سنگِ طائف کا دکھ، جامِ کوثر کا سکھ
آپ نے منہ نہ امت سے موڑا کبھی
آپ کے دل کا میں درد پڑھتا رہا
مصحفِ نور اشکوں سے بھرتا رہا
اشک چنتا رہا دل پگھلتا رہا
راستہ نور کا ایسے بنتا رہا
بدر و احد و حنین اور احزاب میں
داستان شجاعت ہر اک باب میں
آپ کے ہاتھ تھے نبض حالات پر
آپ ساحل تھے ہر ایسے گرداب میں
آپ کی چاہتیں توشہِ دو جہاں
آپ پر ہے فدا جان، باپ اور ماں
آپ ہی کے لیے وقف روح و جسم
آپ ہی کے لیے یہ زباں نعت خواں
رحمت ِ دو جہاں تاجدارِ حرم
خاتم الانبیا میرے شاہِ امم
آپ ہی سے میرے دل میں ہر اک خوشی
آپ کے غم سے منسوب ہے میرا غم
شاعری :سلیم اللہ صفدر
اگر آپ مزید مناجات، حمدیہ اشعار، نعت شریف یا شان صحابہ پر کلام پڑھنا چاہتے ہیں تو یہ لازمی دیکھیں
ہیں آج بھی آنکھوں میں وہ طیبہ کے نظارے | نعت شریف