نیکی سب سے کریں، سب سے پائیں دعا
خدمتوں عظمتوں کا چنیں راستہ
خدمت خلق سے خوش ہو ربِ جہاں
خدمتوں سے ملے راحتِ جاوداں
مال، و جاں، وقت کی ساری قربانیاں
جنتوں کے نشاں کر دیں ہم کو عطا
خدمتوں کی جزا ، عظمتوں کی عطا
محنتوں کا صلہ، زخم ِ جاں کی دوا
تپتی ہر دھوپ میں اک دعا کی ردا
روزِ محشر میں بن جائے رب کی رضا
آؤ لوگو بنیں خیر کی چابیاں
آؤ لوگو چنیں برکتِ جاوداں
ہم ہوں راحت سکینت کا اک آسماں
ہر یتیم اور مسکین کا آسرا
جسم تھک جائے اور روح کو راحت ملے
ایسی محنت کرو دل کو طاقت ملے
جان لو خدمتوں میں ہی عظمت ملے
مان لو تم یہ صفدر کے دل کی صدا
نیکی سب سے کریں، سب سے پائیں دعا
خدمتوں عظمتوں کا چنیں راستہ
شاعری : سلیم اللہ صفدر
Urdu Poetry about Khidmat e khalq
یہ نظم ان لوگوں کے لیے ہے جو اللہ کے راستے میں اللہ کے بندوں کی خدمت کرتے ہیں. یہ خدمت خلق چاہے جسمانی محنت کی شکل میں ہو یا مالی خرچ کی صورت میں… اللہ کے ہاں بہت پسندیدہ ہے اور اللہ رب العزت نے آخرت میں اس کے لیے بہت اجر رکھا ہے. اس لئے خدمت خلق کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے یہ اشعار پیش کیے گئے ہیں جو سلیم اللہ صفدر نے لکھے ہیں








