میرے یوسف کی کہانی

انبیاء کی خصوصیات بیان کرتی یوسف علیہ اسلام پر لکھی گئی نظم

0 6

میرے یوسف کی کہانی ان نوجوانوں کے لئے….. جو فتنوں کے اس دور میں اللہ رب العزت کی خوشنودی کے لئے صبر و استقامت کے ساتھ اپنے رب کے دین پر عمل کرنے اور اپنے دامن کو خلوت و جلوت کے تمام گناہوں سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں…. نوید ہے کہ صبر، استقامت، حوصلہ، تقوی اور پاکیزگی کا پھل دنیا و آخرت دونوں میں مل کر ہی رہتا ہے

 

صبر کی تھی اک نشانی
میرے یوسف کی کہانی
ُپُر مشقت راہ پہ پائی
باسعادت زندگانی….!

 

اک حسیں چہرے پہ چھائی
درد و وحشت کی سیاہی
اپنے والد سے جدائی
بھائیوں کی وہ  بے وفائی
بولیوں کی ذد میں ٹھہری
شاہ کنعاں کی کمائی
پھر بھی قدموں میں کبھی بھی
اک ذرا لغزش نہ آئی

 

مرد و زن کی جب ہو خلوت
اور گناہ کی بھی ہو دعوت
اہل ایماں کے لیے ہے
ہر گھڑی بھی اک قیامت

 

ہاں مگر یوسف کو رب نے
کس طرح دی استقامت
ہر ہوس کا جال ٹوٹا
مکڑی کے جالے کی صورت

 

رب کی تھی اک آزمائش
قید میں یوسف کو ڈالا
دی رہائی بھی اسی نے
قید جو تھا کرنے والا
پایا ثمر استقامت
حکم ربی تھا نرالا
بوجھ پھر پورے مصر کا
میرے یوسف نے سنبھالا

 

 

دربدر ٹھوکر جو کھائی
تب ملا اس کو ٹھکانا
بے اماں یوسف نے پایا
دین و دنیا کا خزانہ
اس کی آمد کی مہک کو
باپ نے میلوں سے جانا
روشنی آنکھوں کی لوٹی
عکس اک لے کر سہانا

 

مل گئے یوسف کو اس کے
خواب کے سب چاند تارے
کنوئیں میں جو پھینکتے تھے
اب تھے سجدہ ریز سارے
گھر کا آنگن مسکرایا
گل کھلے جب پیارے پیارے
استقامت کا ثمر تھے
ہر طرف خوشیوں کے دھارے

 

انبیاء پر شاعری کے علاوہ اگر آپ حمدیہ اشعار،نعت شریف یا شان صحابہ پر اشعار پڑھنا چاہتے ہیں تو یہ لازمی دیکھیں

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.