نبی پاک سے یاری کوئی صدیق سے سیکھے|حضرت ابوبکر صدیق کی شان میں کلام

Manqabat Hazrat Abu Bakar Siddiq

0 22

نبی پاک سے یاری کوئی صدیق سے سیکھے
فقیری میں بھی سرداری کوئی صدیق سے سیکھے

لقب صدیق ھے جنکا، وفا تصدیق ھے جنکی
جوانو! ایسی دلداری، کوئی صدیق سے سیکھے

نبی نے انکو دنیا میں بشارت دی ھے جنت کی
خدا کی حکم برداری کوئی صدیق سے سیکھے

رسالت کو بچایا سانپ کی اِیذا رسانی سے
نبوت سے وفاداری کوئی صدیق سے سیکھے

جگر پارہ، فدائے ذات اقدس کر دیا جس نے
زھے قسمت، فداکاری کو ئی صدیق سے سیکھے

کیا قربان مال و ذر خدا کی راہ میں اپنا
لحد کی ایسی تیّاری کوئی صدیق سے سیکھے

شہہِ طیبہ کی طاعت میں بسر کی زندگی ساری
شہہِ طیبہ سے حبداری کوئی صدیق سے سیکھے

صداقت میں خلافت میں مِرے صدیق اوّل ہیں
غمِ اُمّت میں بیداری کوئی صدیق سے سیکھے

علم دینِ محمد کا اُٹھایا ہرگھڑی اُس نے
تسلسل سے علمداری کوئی صدیق سے سیکھے

وہ فکرِ آخرت میں روز و شب ہر سانس لیتے تھے
غمِ عقبیٰ میں یہ زاری کوئی صدیق سے سیکھے

فدائے مصطفیٰ ھونا مہاجر جانتے ھی تھے
یہ وصفِ خاص انصاری کوئی صدیق سے سیکھے

ہمیں اسلام کی تعلیم روز و شب عطا کی ھے
شریعت میں سمجھداری کوئی صدیق سے سیکھے

وہ سالارِ صحابہ سب کو پیارا ہے دل و جاں سے
دلوں پر ایسی سالاری کوئی صدیق سے سیکھے

لکھوں اذلان مدحِ یارِ غارِ مصطفی دل سے
کچھ ایسی نور گفتاری کوئی صدیق سے سیکھے

نبی پاک سے یاری کوئی صدیق سے سیکھے
فقیری میں بھی سرداری کوئی صدیق سے سیکھے

شاعری: اذلان الرحمان

اگر آپ مزید حمدیہ اشعار، نعت شریف یا  شان صحابہ پر کلام پڑھنا چاہتے ہیں تو یہ لازمی دیکھیں

ایماں کے سہارے ہیں حسنینؓ ہمارے ہیں

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.