آؤ بچو سناؤں کہانی تمہیں | قصہ حضرت موسی و ہارون نظم کی صورت میں

hazrat musa story in urdu | hazrat musa poem | anbiya story poem in urdu

1 41

آؤ بچو سناؤں کہانی تمہیں
رب کی جس میں ملے گی نشانی تمہیں

موسی ہارون تھے رب کے پیارے نبی
وقت کے وہ قوی اور دلارے نبی

ایک فرعون تھا مصر کا بادشاہ
جس کو رہتا تھا ہر پل ہی ڈر موت کا

قتل کرتا تھا بچوں کو اس ڈر سے وہ
ہو نہ جائے کسی سے قتل خود ہی وہ

خود کو کہتا تھا وہ شہنشاہِ جہاں
موت کا ڈر تھا جس کی رگوں میں رواں

شہر میں اس کی ہر سو نظر جاتی تھی
کس کو بیٹا ہوا یہ خبر جاتی تھی

ایک سال میں بچے قتل ہوتے تھے
اگلے سال جو ہوتے وہ بچ جاتے تھے

کتنے ہی سال ایسے گزرتے گئے
بچے پیدا ہوئے بچے مرتے گئے

پہلے ہارون اس سال پیدا ہوئے
جس میں بچے قتل تب نہیں ہوتے تھے

ماں کی آغوش میں رات دن وہ رہے
رب کی تقدیر ہارون کے واسطے

آؤ بچو سناؤں کہانی تمہیں
رب کی جس میں ملے گی نشانی تمہیں

سال گزرا اور حکم قتل آ گئے
ایسے لمحوں میں موسی بھی پیدا ہوئے

والدہ کے لیے تھا امتحاں تھا عجب
اپنے بچے کو کھونے کا ڈر تھا بہت

لوگوں سے کب تلک چھپ کے جی پائے گا
ہو گیا علم تو قتل ہو جائے گا

کافی سوچا تو تصویر اک بن گئی
رب کی تقدیر تدبیر ہی بن گئی

ایک صندوق میں رکھ کے لخت جگر
الوداع کہہ دیا دریا میں ڈال کر

نیل صندوق کو لے کے بہتا رہا
قصرِ فرعون پر جا کے وہ رک گیا

آؤ بچو سناؤں کہانی تمہیں
رب کی جس میں ملے گی نشانی تمہیں

آسیہ نیک دل زوجہ فرعون تھی
اس نے صندوق دیکھا تو آگے بڑھی

روتے بچے کو سینے لگا کر اٹھی
اس کی فرعون سے پھر اجازت بھی لی

موسی فرعون کے گھر میں داخل ہوا
بے خبر جس سے فرعون ہر پل رہا

دودھ پیتا نہ تھا وہ کسی اور کا
شہر کی ساری ماؤں کو پرکھا گیا

اپنی ہی ماں کے سینے سے جب وہ لگا
بے خبر وہ بچہ دودھ پیتا گیا

ماں بھی فرعون کے گھر میں ہی آ گئی
شکر رب کا ادا تب وہ کرتی گئی

وقت کے ساتھ موسی بڑے ہو گئے
وہ قوی جسم و طاقت کے حامل ہوئے

اک دن اک لڑائی میں مارا مکا
بے خبر اک قبطی قتل ہو گیا

کوئی نیت نہ تھی قتل کرنے کی تب
زور موسی کے بازو میں تھا ہی عجب

ڈر کے اس جرم پر گھر نہ واپس مڑے
مصر سے شہر مدین روانہ ہوئے

آؤ بچو سناؤں کہانی تمہیں
رب کی جس میں ملے گی نشانی تمہیں

دس برس خدمتِ شعیب کرتے رہے
شادی کر کے وہاں سے بھی واپس چلے

ہو گئی راستے میں جو صحرا میں شام
اپنے رب سے وہاں ہو گئے ہمکلام

رب نے فرمایا سمجھاؤ فرعون کو
کیسا سرکش ہوا آج نادان وہ

موسی بولے کہ ہارون بھائی میرا
کیا ہی اچھا ہو بن جائے ساتھی میرا

سینہ کھل جائے اور کام آسان ہو
میرے اقوال کی سب کو پہچان ہو

رب نے ہر بات موسیٰ کی پھر مان لی
دست ہارون سے ان کو طاقت بھی دی

موسی ہارون دونوں مصر کو چلے
لے کے پیغام اس شہر کے واسطے

رب کا فرمان سب کو سناتے رہے
آخرت سے بھی ان کو ڈراتے رہے

آؤ بچو سناؤں کہانی تمہیں
رب کی جس میں ملے گی نشانی تمہیں

ان کی فرعون تک پہنچی آخر خبر
اس نے بلوایا دربار میں سربسر

سن لی ہر بات ان کی نہ مانی مگر
کہہ دیا ان کو فرعون نے جادوگر

اک تماشہ تھا دربار فرعون میں
تھی رزم گاہ دربار فرعون میں

پھینک کر رسیاں دربار کے جادوگر
معجزہ دیکھنے کے لیے منتظر

سانپ بنتے گئے نظر دربار میں
پرعزم تھے وہ سب اپنی یلغار میں

پھینکی موسی نے ان کی طرف لاٹھی جب
اژدھا کھا گیا سانپ جتنے تھے سب

ایک ساعت میں سب سانپ رسی بنے
جادوگر اپنے سر بھی جھکاتے گئے

بزم فرعون میں اتری فتح مبیں
رب موسی پہ ہر دل نے پایا یقیں

آؤ بچو سناؤں کہانی تمہیں
رب کی جس میں ملے گی نشانی تمہیں

شاعری :سلیم اللہ صفدر 

اگر آپ صحابہ کرام کی شان میں اشعار پڑھنا چاہتے ہیں تو یہ لازمی دیکھیں

If you want to read more Islamic poetry in Urdu please visit

Hazrat Musa story in urdu | Hazrat Musa poem | anbiya story poem in urdu | anbiya story in urdu | Hazrat Musa story poem in urdu

1 تبصرہ
  1. Mudassir کہتے ہیں

    ماشآاللہ
    بہت ہی خوب لکھا ہے❤️❤️❤️

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.