خلوص آشنا بندہِ پارسا | حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کی شان میں خوبصورت کلام

ذوالنورین حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ پر اشعار

0 19

خلوص آشنا بندہِ پارسا
ہوا جن سے راضی سبھی کا خدا
کریں جن سے رب کے فرشتے حیا
ہیں مشکل دنوں کے نبیؐ کے نوا

جہاں میں سخاوت کے سلطان ہیں
وہ عثمانؓ ہیں خوب انسان ہیں

 

فقیروں کے سچے سہارے غنیؓ
خلافت کے روشن ستارے غنیؓ
نبی جی کے پیارے دلارے غنیؓ
محبت کے پیکر ہمارے غنیؓ

شرارِ ہدایت ستونِ وفا
تھا جن کی رگوں میں بھی خونِ وفا

 

محمدؐ کی قربت محبت ملی
اوائل میں جن کو ہدایت ملی
جہاں میں جناں کی بشارت ملی
جنہیں اہلِ خانہ میں شرکت ملی

لیے جن کی برگد کی بیعت ہوئی
وہ مردِ وفا ہیں ہمارے غنیؓ

 

فصاحت بلاغت کے بندے دھنی
ہنسی دلفریب اور نمکین سی
وہؓ غزوات کے ہم نوائے نبیؐ
وہؓ عالم، مجاہد، بہادر، سخی

بہ شکلِ ظہورِ عطائے نصیب
ملا خلق سیرت کے بالکل قریب

 

غلاموں کے آقا نبی کے غلام
ثریا کو پہنچا ہے جن کا مقام
لکھا جنؓ کے ہاتھوں نے رب کا کلام
رہے جن سے خوش خوش ہی خیر الانامؐ

مدینے میں خوں جو نہیں تھا پسند
شہید ہو گئے وہ تبھی خانہ بند

 

وہ نورِ محمدؐ سے پرنور تھے
جہالت میں بھی فسق سے دور تھے
خدائے جہاں سے وہؓ مغفور تھے
ملے ان کو احمدؐ سے دو نور تھے

غلامِ نبیؐ آہ مظلوم شاہ
ہے انؓ کی شہادت کا قرآں گواہ

 

خلوص آشنا بندہِ پارسا
ہوا جن سے راضی سبھی کا خدا
کریں جن سے رب کے فرشتے حیا
ہیں مشکل دنوں کے نبیؐ کے نوا

شاعری: بلال آدر

 اگر آپ مزید مناجات، حمدیہ اشعار، نعت شریف یا  شان صحابہ پر کلام پڑھنا چاہتے ہیں تو یہ لازمی دیکھیں

ہو کے شاہ نام فقیروں میں لکھانے والے | شان عمر فاروق رضی اللہ عنہ پر منقبت

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.